کرونا وائرس: ویکسی نیشن پروگرام کے لیے برطانیہ کا کروڑوں انجکشنز کا آرڈر
واشنگٹن: امریکا کی میڈیکل ٹیکنالوجی کمپنی بیکٹن ڈکنسن اینڈ کو کا کہنا ہے کہ انہیں برطانوی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کی ویکسی نیشن پروگرام کے لیے 6 کروڑ 50 لاکھ انجیکشنز کا آرڈر موصول ہوا ہے۔
کمپنی کے مطابق برطانوی حکومت نے ویکسی نیشن پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے 65 ملین سوئیوں اور سرنجوں کا آرڈر دیا ہے جو ماہ ستمبر تک ڈیلیور کیا جانا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس ضمن میں برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس کے ساتھ تشخیصی ٹیسٹ کو وسعت دینے کے لیے بھی اشتراک کر رہے ہیں۔
اس سے قبل کمپنی نے کہا تھا کہ وہ کرونا وائرس کی دوسری لہر کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر اپنی مینو فیکچرنگ میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔
اس سے قبل کمپنی ایسی کٹ تیار کر چکی ہے جو 2 سے 3 گھنٹوں میں کرونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ بتا سکتی ہے۔
کمپنی کی ایک اور کٹ اینٹی باڈیز ٹیسٹ کے نتائج بھی 15 منٹ میں دے سکتی ہے جو کرونا وائرس کے خلاف ان اینٹی باڈیز کی اثر انگیزی جاننے کے لیے کیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 84 ہزار 276 ہوچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 44 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔