حریم شاہ کا برطانیہ کی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا اعلان
لندن: معروف پاکستانی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے برطانوی سیاسی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
حریم شاہ نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میں برطانیہ کی تین بڑی سیاسی پارٹیوں میں سے ایک جماعت کا حصہ بن گئی ہوں، بہت جلد اس سیاسی پارٹی کا نام بتاؤں گی لیکن فی الحال! صرف اتنا بتاسکتی ہوں کہ میں نے مذکورہ سیاسی جماعت کی درخواست پر ہی اس میں شمولیت اختیار کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سینئر رہنما نے مجھے یقین دلایا کہ وہ مجھے برطانیہ میں ہونے والے آئندہ انتخابات لڑنے کے لیے ٹکٹ دیں گے جب کہ پاکستانی عوام چند ماہ میں مجھے برطانوی پارلیمنٹ کا حصہ بنتے ہوئے دیکھیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ میں چند سال میں برطانیہ سے الیکشن جیت کر برطانوی پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم سے پاکستان کے عوام کے حق کے لیے اپنی آواز بلند کروں گی۔
حریم شاہ نے کہا کہ مجھے برطانوی سیاسی پارٹی میں اس لیے شامل کیا گیا کیونکہ میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والی شخصیات میں شامل ہوں اور یہاں کی سیاسی پارٹیوں کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو سوشل میڈیا اور سماجی کاموں میں زیادہ فعال ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں شامل ہونے کے بعد انسانی حقوق کے لیے بھی زیادہ سے زیادہ کام کررہی ہوں۔