حماد ایئرپورٹ قطر نے دنیا کے بہترین ہوائی اڈے کا اعزاز حاصل کرلیا
کراچی: دُنیا بھر میں روزانہ بے شمار افراد فضائی سفر کرتے ہیں، جس کے دوران انہیں ایئرپورٹ پر وقت گزارنے کا تجربہ بھی میسر آتا ہے۔
دُنیا میں خوبصورت ترین ایئرپورٹس کی کمی نہیں، ان کی عالمی درجہ بندی کی گئی ہے، دنیا کا بہترین ایئرپورٹ قطر کا قرار پایا ہے، جہاں کئی گھنٹے گزار کر بھی لوگوں کا دل کرتا ہے کہ مزید کچھ وقت تک قیام کیا جائے۔
اسکائی ٹریکس نامی ایئرلائن کنسلٹنگ گروپ نے 2024 کے لیے دنیا کے بہترین ایئر پورٹس کی سالانہ فہرست جاری کی ہے، جس میں قطر کا ایئرپورٹ نمبرون رہا ہے۔
درحقیقت گزشتہ چند برسوں سے دنیا کے بہترین ایئرپورٹ کی جنگ قطر اور سنگاپور کے درمیان ہوتی رہی ہے۔
گزشتہ سال سنگاپور نے 12 ویں بار دنیا کے بہترین ایئرپورٹ کا اعزاز اپنے نام کیا تھا اور اس سال قطر کے حماد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے دنیا کے بہترین ہوائی اڈے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
اس سے قبل 2021 اور 2022 میں بھی وہ یہ اعزاز اپنے نام کرچکا ہے۔
قطر کا یہ ایئرپورٹ 2014 میں تعمیر ہوا تھا اور اب مشرق وسطیٰ میں بین الاقوامی ٹرانزٹ پوائنٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔
6 لاکھ اسکوائر میٹر پر پھیلی اس کی عمارت میں ایک ہی ٹرمینل ہے جس کو 5 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، مگر اس کی توسیع پر کام جاری ہے۔
آبشار اور گلاس برج سے لیس سنگاپور ایئرپورٹ دوسرے نمبر پر آیا ہے۔
دھیان رہے کہ دنیا بھر کے سیکڑوں ایئرپورٹس میں دستیاب سہولتوں جیسے ٹرمینل لے آؤٹ، وائی فائی کی دستیابی اور ریسٹورنٹس وغیرہ کے حوالے سے عوامی رائے کو مدنظر رکھ کر یہ فہرست مرتب کی گئی ہے۔
جنوبی کوریا کے انچیون ایئرپورٹ کے حصے میں تیسرا نمبر آیا جب کہ اسے دنیا کا سب سے بہترین خاندان دوست ہوائی اڈا بھی قرار دیا گیا۔
جاپان کا ٹوکیو انٹرنیشنل اور ٹوکیو ناریتا ایئرپورٹس بالترتیب چوتھے اور 5 ویں بہترین ہوائی اڈے قرار دیے گئے۔
پیرس کا چارلس ڈیگال ایئرپورٹ دنیا کا چھٹا بہترین ہوائی اڈا رہا، جس کے بعد دبئی ایئرپورٹ 7 ویں پوزیشن اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔
جرمنی کا میونخ ایئرپورٹ 8 ویں، سوئٹزرلینڈ کا زیورخ ایئرپورٹ 9 ویں جب کہ استنبول ایئرپورٹ 10 ویں نمبر پر رہا۔