کیا یہ امیرِ طالبان ہیبت اللہ اخوندزادہ کی تصویر ہے؟

قندھار: افغان طالبان کے امیر ہیبت اللہ اخوندزادہ کی تازہ تصویر منظرعام پر آئی ہے، یہ تصویر قندھار کی ایک لائبریری میں لی گئی ہے۔
بین الاقوامی نشریاتی ادارے الجزیرہ کے افغانستان میں نامہ نگار حمید محمد شاہ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ تصویر قندھار کی ایک لائبریری میں بیٹھے امیر ہیبت اللہ اخوندزادہ کی ہے۔
الجزیرہ کے نمائندہ خصوصی کے مطابق یہ تصویر ایک ہفتے قبل قندھار میں لی گئی تھی، جہاں امیر طالبان حکومت سازی کے سلسلے میں مشاورت میں مصروف ہیں۔


تصویر میں امیر طالبان ہیبت اللہ اخوند زادہ نہایت خوش گوار موڈ میں دکھائی دے رہے اور قریب ہی قہوہ کی پیالی بھی رکھی ہے۔ تصویر سے گمان ہوتا ہے کہ امیر طالبان اپنے رفقا کے ساتھ گفتگو کررہے ہیں۔
طالبان کی جانب سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس تصویر کے بارے میں کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
قبل ازیں ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی تصدیق کی کہ امیر طالبان ہیبت اللہ اخوند زادہ شروع سے ہی قندھار میں موجود ہیں اور افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی سے کابل کا کنٹرول حاصل کرنے تک کی نگرانی و سربراہی کرتے رہے ہیں اور اس وقت حکومت سازی پر مشاورت بھی کررہے ہیں۔
ترجمان طالبان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امیر طالبان ہیبت اللہ اخوندزادہ جلد منظرعام پر آئیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔