سیلاب زدگان کی امداد کیلئے حدیقہ کیانی قصور پہنچ گئیں

قصور: پاکستان کی معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے ایک بار پھر انسان دوستی اور خدمت خلق کی اعلیٰ مثال قائم کر دی۔ ملک میں جاری شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر، انہوں نے پنجاب کے ضلع قصور میں متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین کی مدد کے لیے خود میدان میں آ گئیں۔

رواں مون سون سیزن میں خاص طور پر پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں، جہاں لوگ اپنے گھروں، مال مویشیوں اور روزگار سے محروم ہو چکے ہیں۔ قصور کے کئی دیہات پانی میں ڈوب چکے ہیں اور وہاں خوراک، پانی، دواؤں اور دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت ہے۔

حدیقہ کیانی اپنے بیٹے کے ہمراہ متاثرین سے ملیں، ان کے لیے خوراک، بستر اور دیگر امدادی سامان فراہم کیا، اور انسانیت کے جذبے سے لبریز ہو کر ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ عوام سے اپیل کر رہی ہیں کہ وہ بھی دل کھول کر متاثرین کی مدد کریں، کیونکہ اس وقت نہ صرف انسان بلکہ بے زبان جانور بھی بھوک اور بیماری کا شکار ہیں۔

گلوکارہ کو ایک اور ویڈیو میں سیلاب متاثرین کے لیے بستر خریدتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے، جو ان کی عملی ہمدردی اور سنجیدہ عزم کا ثبوت ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔