بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات آج رات اختتام پذیر ہوں گی
ننکانہ صاحب: سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گورونانک کے 552 ویں جنم دن کی تقریبات پورے عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہیں، جو آج رات اختتام پذیر ہوں گی، اس موقع پر دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں نے آج نگر کیرتن کا جلوس نکالا۔
بابا گورونانک کے 552ویں جنم دن کی تقریبات کا آغاز ہوگیا، دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری نگر کیرتن کا جلوس نکالا، جلوس میں شریک سکھ یاتریوں نے مذہبی گیت گاتے تمام گردوواروں کی یاترا کی۔
بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات رات کو ارداس کی رسم کے ساتھ ختم ہوں گی، ضلعی حکومت کی جانب سے رات کو شان دار آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
دھیان رہے کہ بابا گورونانک کی سالگرہ کے لیے بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد جاری ہے، بھارت سے سکھ یاتری واہگہ بارڈر اور کرتارپور راہداری سے آرہے ہیں۔
گذشتہ روز بابا گورونانک دیو جی کی آخری آرام گاہ گورودوارہ دربار صاحب کرتارپور میں بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ چرن جیت سنگھ نے اپنے خاندان اور کابینہ کے ہمراہ حاضری دی۔
بھارتی وفد کا زیرولائن پر چیف ایگزیکٹو آفیسر یونٹ کرتارپور محمد لطیف اور پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار امیر سنگھ نے استقبال کیا۔
بھارت نے گزشتہ سال مارچ سے کرتارپور راہداری کو بند کیا ہوا تھا جس کو 17 نومبر سے بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کے لیے کھولا گیا، گورودوارہ کرتارپور پہنچنے پر مہمانوں کا استقبال کیا گیا پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔
سکھ یاتریوں کا کہنا تھا پاکستان میں آکر جو خوشی محسوس ہوئی ہے وہ بیان نہیں کرسکتے۔