تحریک آزادی کے عظیم کارکن۔۔۔ مولانا ظفر علی خان

(بابائے صحافت)

ڈاکٹر عمیر ہارون

جشن آزادی میں ایک روز رہ گیا ہے۔۔۔ معرکہ حق کی شاندار فتح اور جشن آزادی کی تقریبات ایک ساتھ منانے کا سلسلہ عروج پر پہنچا ہوا ہے۔ پورا ملک سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں اور قمقموں سے سجا ہوا ہے۔ اس موقع پر بابائے صحافت اور تحریک پاکستان کے عظیم کارکن مولانا ظفر علی خان سے متعلق مختصر تحریر نذر قارئین ہے۔
آپ کو ”بابائے اردو صحافت“ کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔ آپ نے تحریکِ پاکستان میں برطانوی راج کے خلاف اہم کردار ادا کیا۔ آپ تحریکِ آزادی کے سرکردہ کارکنوں میں سے ایک اور آل انڈیا مسلم لیگ کے حامی تھے۔
آپ ہمہ جہت خوبیوں کے مالک تھے۔ مصنف، شاعر، مترجم تاہم صحافت آپ کا معتبر ترین حوالہ ہے۔
آپ 18 جنوری 1873 کو سیالکوٹ (برطانوی ہند) میں پیدا ہوئے۔ علی گڑھ کالج سے انٹرمیڈیٹ کیا اور یہیں سے بی اے کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد آپ مسلمان رہنما محسن الملک کے بمبے میں سیکریٹری مقرر ہوئے۔ حیدرآباد میں بہ حیثیت مترجم بھی کام کیا۔ کچھ عرصہ بعد وہاں سے واپس آگئے اور برصغیر کے مسلمانوں کی موثر آواز گردانا جانے والا اردو اخبار ”زمیندار“ لاہور سے شروع کیا، جس کی بنیاد آپ کے والد سراج الدین احمد نے رکھی تھی۔ آپ اس کے ایڈیٹر تھے۔
”زمیندار“ اخبار 1920 کی دہائی سے 1940 کی دہائی تک ہندوستانی مسلمانوں اور تحریکِ پاکستان کا ترجمان تھا، جس میں آپ کے کالم باقاعدگی سے شائع ہوتے اور افرنگی حکومت کے خلاف بھرپور طور پر آواز بلند کی جاتی تھی۔
آزادی پاکستان کے بعد بھی یہ اخبار شائع ہوتا رہا۔ آپ کو شاعری سے بچپن سے ہی شغف تھا۔ آپ کی شاعری پر مشتمل کتابیں بہارستان، نگارستان اور چمنستان خاصی مقبول ہوئیں۔ اس کے علاوہ بھی آپ نے کئی کتابیں لکھیں۔ آپ کی دو نعتیں بے پناہ مقبول ہوئیں۔ ”وہ شمع اُجالا جس نے کیا 40 برس تک گھروں میں“ کو مہدی حسن نے ریڈیو پاکستان کے لیے پڑھا۔ ”دل جس سے زندہ ہے وہ تمنّا تم ہی تو ہو“ کو پاکستان ٹیلی وژن کے لیے منیبہ شیخ نے پڑھا۔
27 نومبر 1956 کو وزیرآباد، پنجاب میں آپ کا انتقال ہوا۔ حکومتِ پاکستان نے آپ کی خدمات کے اعتراف میں ساہیوال اسٹیڈیم کا نام بدل کر ظفر علی اسٹیڈیم رکھا۔ حکومتِ پنجاب نے مولانا ظفر علی خان ٹرسٹ قائم کیا۔ وزیرآباد کے ایک کالج کا نام مولانا ظفر علی خان ڈگری کالج رکھا گیا۔ پاکستان پوسٹ نے آپ کے اعزاز میں ڈاک ٹکٹ کا اجرا کیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔