گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کے درمیان اہم ملاقات
کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ سید مُراد علی شاہ کے درمیان گورنر ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں صوبے میں امن و امان کی صورت حال سمیت سندھ کی ترقی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل درآمد اور تدارک کے لیے بھرپور کوشش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک اور صوبے کے وسیع تر مفاد میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، کراچی پاکستان کا معاشی مرکز ہے، ملک کی ترقی کراچی کی تعمیر و ترقی سے وابستہ ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ عوام کا معیار زندگی بہتر کرنے کے لیے وفاق اور صوبے کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔