فخر اور رضوان کی عمدہ بلے بازی، پاکستان نے آئرلینڈ کو ہرادیا

ڈبلن: میزبان ملک آئرلینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے 7 وکٹوں سے ہرادیا۔
ڈبلن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا تھا، پاکستان نے مطلوبہ ہدف 16.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف 13 رنز کے اسکور پر دو وکٹیں گر گئیں، صائم ایوب 6 رنز اور بابر اعظم صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
دو وکٹیں جلدی گرنے کے بعد محمد رضوان اور فخر زمان نے ٹیم کو سہارا دیا اور شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
محمد رضوان 75 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے جب کہ فخر زمان نے 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے اعظم خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 10 گیندوں پر چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 30 رنز بنائے۔
پاکستان نے 16.5 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ آئرلینڈ کی طرف سے مارک ایڈیر، گراہم ہیوم اور بین وائٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا، آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے تھے۔
آئرش ٹیم کی طرف سے لورکن ٹکر 51، ہیری ٹییکٹر 32، گیرتھ ڈیلانی 28 اور کرٹس چیمپر 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے 3، عباس آفریدی نے 2، محمد عامر اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی کامیابی کے بعد تین میچز پر مشتمل سیریز ایک، ایک سے برابر ہوگئی۔
خیال رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔