یورپی یونین کی پابندی کے خلاف جلد اپیل کریں گے، وزیر ہوا بازی

اسلام آباد: وزیر ہوا بازی کا کہنا ہے کہ یورپی یونین سیفٹی ایجنسی کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، پابندی کے خلاف جلد اپیل میں جائیں گے۔
قومی اسمبلی میں جعلی لائسنسوں اور ڈگریوں کے معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ اعتراض کرنے والے ذمے دار، ہم تو ان کا گند صاف کررہے ہیں۔ اپوزیشن کو تسلیم کرنا چاہیے کہ 658 لوگ ان کے دور میں جعلی ڈگریوں پر بھرتی ہوئے۔ یہ سارا کچھ 2010 سے لے کر 2018 تک ہوا۔ ہم ان کو نکالیں گے جو سفارش کے ذریعے آئے۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت میں پیسے لے کر لائسنس کی تجدید کی جاتی تھی، لیکن اب ہماری حکومت میں ایسا نہیں ہوگا۔ 26 پائلٹس نے غلط امتحانات دیے جن کو گراؤنڈ کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن یورپ سے پہلی بار معطل نہیں ہوا۔ یورپی ایوی ایشن کی جانب سے 2008 میں بھی آپریشن معطل ہوئے تھے۔ پی آئی اے میں صفائی کریں گے تو اس کی نیک نامی ہوگی۔ جن لوگوں نے سرپرستی کی ان کے خلاف کریمنل مقدمات درج ہوں گے۔ آنے والے دنوں میں آپریشن بحال ہوگا اور پی آئی اے ایک نئی ایئرلائن بنے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔