جی ایچ کیو حملہ کیس: تمام نامزد ملزمان کے بیرون ملک سفر پر پابندی
راولپنڈی: جی ایچ کیو حملہ کیس میں نامزد تمام ملزمان کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کردی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو پر حملے سے متعلق کیس میں نامزد تمام ملزمان کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس سلسلے میں عدالت نے ملزمان کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے ڈی جی امیگریشن کو خط بھجوادیا۔
جی ایچ کیو حملہ کیس میں نامزد ملزمان کی بیرون ملک روانگی عدالت سے مشروط ہے۔ ملزمان کی بیرون ملک سفر پر پابندی اے ٹی سی ایکٹ کی دفعہ 28 اے کے تحت عائد کی گئی ہے۔
جی ایچ کیو حملہ کیس کے سلسلے میں آج بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے انسپکشن نوٹ بھی اپنے دستخط کے ساتھ وصول کرلیا ہے۔ اس موقع پر وکلائے صفائی نے اعتراض کیا کہ ملزمان کی فہرست میں عمران خان کا نام شامل نہیں تھا، یہ ٹمپرڈ دستاویز ہے۔
خیال رہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں 25 نومبر کو ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ مقدمے میں 23 ملزمان کو اشتہاری قرار دے کر دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ہیں۔ 23 اشتہاری ملزمان میں شہباز گل، مراد سعید، حماد اظہر اور زلفی بخاری بھی شامل ہیں۔
جی ایچ کیو حملہ کیس میں 120 ملزمان مقدمے کے ٹرائل کا سامنا کررہے ہیں۔