پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بھی گیس بحران کا اندیشہ
اسلام آباد: خیبرپختون خوا اور پنجاب میں بھی گیس فیلڈ کی سالانہ مرمت کے باعث گیس بحران کا خدشہ ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزارت پٹرولیم کی سُستی اور گیس فیلڈ کی سالانہ مرمت کے باعث ملک میں گیس کا بحران سنگین صورت حال اختیار کرنے لگا ہے اور سندھ کے بعد اب خیبرپختون خوا اور پنجاب کی صنعتوں کو بھی 10 روز کے لیے گیس کی فراہمی بند ہونے کا اندیشہ ہے۔
پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق آج رات سے ایل این جی ٹرمینل سے گیس کی سپلائی بند ہونا شروع ہوجائے گی، اس دوران 600 ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی کی سپلائی بند ہونے کا اندیشہ ہے،
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ایل این جی پوری مقدار میں درآمد کرنے میں ناکام رہی اور ایل این جی کے صرف 3 کارگو درآمد کیے گئے، سندھ میں گیس فیلڈ کی مرمت بھی بحران کا سبب بن رہی ہے اور اس گیس بحران سے بجلی کی پیداوار میں بھی کمی آئے گی، جس کے بعد آئندہ ایک ہفتے تک بجلی کا بحران بھی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔