جب بھارتی غرور خاک ہوا، چیمپئنز ٹرافی کی جیت کو 4 برس مکمل
کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک روزہ طرز کی کرکٹ میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا چیمپئن بنے چار سال مکمل ہوگئے۔ 18 جون 2017 کو اوول کے میدان میں گرین شرٹس نے سرفراز احمد کی قیادت میں روایتی حریف بھارت کو 180 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا کر پہلی بار چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
پاکستان کو چیمپئن ٹرافی جیتے چار سال مکمل ہوچکے۔ چیمپئنز ٹرافی میں پہلا میچ بھارت سے ہارنے کے بعد قومی ٹیم نے تمام ٹیموں کو شکست دی۔ فائنل میں ایک بار پھر روایتی حریف آمنے سامنے آئے جہاں گرین شرٹس نے بھارتی سورماؤں کا غرور خاک میں ملایا۔
#OnThisDay in 2017, Pakistan beat India at The Oval to win the #CT17. Let’s relive that sensational Sunday! #WeHaveWeWill pic.twitter.com/POakWMi6fK
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) June 18, 2021
فیصلہ کن معرکے میں فخر زمان نے 114 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ قومی بولرز نے عمدہ گیند بازی کے ذریعے بھارتی بیٹنگ لائن کی دھجیاں بکھیری تھیں۔
سرفراز احمد کو اگرچہ ٹی20 کی کپتانی 2016 میں مل چکی تھی لیکن وہ صرف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں کپتانی کے تجربے کے ساتھ چیمپئنز ٹرافی میں آئے تھے۔ ان کے ساتھ کھیلنے والے کھلاڑیوں کی اکثریت بھی نوجوان اور ناتجربہ کار تھی اور جب ٹیم پہلے ہی میچ میں روایتی حریف بھارت سے ہار جائے تو یہ بتانے کی قطعاً ضرورت نہیں کہ ردعمل کتنا شدید ہوتا ہے۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹویٹر پر چار سال پہلے فتح ٹیم کی یادگار ویڈیو شیئر کی جب کہ قومی کرکٹرز سمیت شائقین کرکٹ بھی فتح کے یادگار لمحوں کو سوشل میڈیا پر شیئرز کرکے تازہ کررہے ہیں۔