ٹڈی دل سے متاثرہ کسانوں کے لیے وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ!
اسلام آباد: وفاق نے ٹڈی دل سے متاثرہ کسانوں کو پیکیج کے ذریعے معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزراء اور چیئرمین این ڈی ایم اے بھی ہمراہ تھے۔
وزیراعظم کو ٹڈی دل کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جب کہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکریٹری بلوچستان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
انجینئر ان چیف پاکستان آرمی/ نیشنل کوآرڈینیٹر این ایل سی سی لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے بریفنگ میں بتایا کہ ٹڈی دل کنٹرول کے پہلے فیز کے لیے نیشنل ایکشن پلان مکمل ہوچکا ہے، افریقا سے ایران کے راستے اور بھارت سے ٹڈیوں کے داخلے کا امکان ہے، ٹڈی دل کے اس متوقع حملے کے لیے ضروری اقدامات موجود ہیں۔
وزیراعظم نے ٹڈی دل کنٹرول کے لیے نیشنل ایکشن پلان کے دوسرے فیز کی اصولی منظوری دے دی۔ اجلاس میں متاثرہ کسانوں کو بھی ایک پیکیج کے ذریعے معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ کووڈ 19 کے ساتھ ٹڈی دل حملہ بھی پاکستان کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے، ملک کے غذائی تحفظ کی خاطر حکومت ٹڈی دل پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی، وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور تنظیموں کے مربوط قومی ردعمل کی ضرورت ہے، متوقع ٹڈی دل حملے سے فصلوں کی پیداوار متاثر نہ ہو۔