کاروباری ریکارڈ میں جعلسازی پر سابق صدر ٹرمپ کو سزا سنادی گئی

نیویارک: کاروبار کے ریکارڈ میں جعل سازی کرنے پر مجرم قرار دے کر امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سزا سنادی گئی۔
بیرون ملک کے خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 2016 کے صدارتی انتخابات سے قبل فحش فلموں کی اداکارہ کو دی گئی رقم کی ادائیگی کو چھپانے کی کوشش میں جعلی کاروباری ریکارڈ کے 34 سنگین جرائم میں قصوروار قرار دیا گیا، اس طرح وہ پہلے امریکی صدر بن گئے ہیں جس پر کسی جرم کا الزام لگایا گیا اور سزا سنائی گئی۔
استغاثہ نے قریباً 2 درجن افراد کو گواہی کے لیے بلایا اور منگل کو دلائل مکمل ہونے کے بعد جیوری نے فیصلہ سنانے کے لیے 2 دن کا وقت لیا۔ استغاثہ نے استدلال کیا کہ ٹرمپ نے اپنے مواقع کو بہتر بنانے کے لیے کاروباری ریکارڈ کو چھپانے کی کوشش کی، جو بالآخر وہ جیت گئے۔
جج نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مقدمے میں سزا سنانے کے لیے 11 جولائی صبح 10 بجے کی تاریخ مقرر کردی۔ انہوں نے کیس کے فریقین کو 13 جون تک تحریک التوا داخل کرنے کا حکم بھی دیا۔
امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام تھا کہ فحش اداکارہ اسٹارمی ڈینئلز کے ساتھ ان کے جنسی تعلقات تھے جس کو چھپانے کے لیے 2016 کے صدارتی انتخابات کے موقع پر اداکارہ کو رقم دی تھی اور اس کے نتیجے میں وہ الیکشن جیت گئے تھے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ پروبیشن یا کمیونٹی سروس کے برخلاف ڈونلڈ ٹرمپ کو جیل میں رہ کر اپنے ہر جرم کے لیے چار سال تک قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔
دوسری جانب کمرہ عدالت کے باہر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک دھاندلی زدہ، شرم ناک ٹرائل تھا، اصل فیصلہ 5 نومبر کو عوام کی طرف سے آنے والا ہے اور وہ جانتے ہیں کہ یہاں کیا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں بالکل بے قصور ہوں، یہ مقدمہ میری توہین ہے تاہم معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا۔
سابق امریکی صدر کو سزا سنانے پر امریکی سینیٹ کے ری پبلکن امیدوار لیری ہوگن نے کہا کہ جیوری کے فیصلے کا احترام کیا جانا چاہیے تاہم سابق صدر کے انتہائی قریبی دوست سینیٹر لنزی گراہم نے توقع ظاہر کی ہے کہ اپیل کیے جانے پر جیوری کا فیصلہ مسترد کردیا جائے گا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔