سابق صدر احمدی نژاد پھر ایران کی صدارتی دوڑ میں شامل
تہران: صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال کے بعد 28 جون کو شیڈول صدارتی انتخاب کے لیے ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد نے اپنا نام رجسٹر کروالیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے نے رپورٹ کیا کہ سابق سخت گیر صدر محمود احمدی نژاد نے بھی صدارتی انتخاب کے لیے رجسٹریشن کروالی ہے۔
صدارتی امیدواروں کی حتمی فہرست 11 جون کو جاری کی جائے گی اور کونسل کی جانب سے احمدی نژاد کا نام روکا بھی جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ پاسداران انقلاب کے سابق رکن احمدی نژاد پہلی مرتبہ 2005 میں ایران کے صدر منتخب ہوگئے تھے اور 2013 میں اپنی مدت پوری کرکے سبکدوش ہوگئے تھے۔
بعد ازاں 2017 میں انہیں کونسل کی جانب سے روکا گیا تھا اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدارتی دوڑ میں شامل ہونا نہ تو ان کے مفاد میں ہے اور نہ ہی اس میں ملک کا مفاد ہے۔
احمدی نژاد کی جانب سے آیت اللہ خامنہ ای کے اختیارات پر اعتراض اٹھایا گیا تھا اور اس کے نتیجے میں اختلافات سامنے آگئے تھے اور 2018 میں احمدی نژاد نے سپریم لیڈر پر تنقید کرتے ہوئے آزاد انتخابات کا مطالبہ کیا تھا۔
سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے 2009 میں احمدی نژاد کے دوبارہ انتخاب کے بعد ملک میں احتجاج برپا ہونے کے باوجود ان کی حمایت کی تھی، حالانکہ اس احتجاج کے دوران درجنوں افراد جاں بحق اور سیکڑوں گرفتار ہوگئے تھے۔