سینٹرل کنٹریکٹ: سرفراز کی مزید تنزلی، بی سے سی کیٹگری میں شامل
کراچی: سابق قومی کپتان سرفراز احمد کی سینٹرل کنٹریکٹ میں بتدریج تنزلی کا عمل جاری ہے، 5 برس پہلے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو اے کیٹیگری میں شامل کیا گیا تھا، جو اب سی کیٹگری میں جاپہنچے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فاتح کپتان سرفراز احمد کی گزشتہ برس اے سے بی کیٹگری میں تنزلی ہوئی تھی اور اب وہ سی کیٹگری میں عابد علی، امام الحق، حارث رؤف، محمد حسنین، محمد نواز اور نعمان علی کے ساتھ شامل ہیں۔
گزشتہ سیزن میں سابق کپتان ایک ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز ہی پاکستان کی جانب سے کھیل سکے تھے۔ انہوں نے گزشتہ برس انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جس کے بعد انہیں 25 اپریل کو ہرارے میں زمبابوے کے خلاف موقع دیا گیا۔
سرفراز احمد نے آخری ٹیسٹ میچ جنوری 2019 میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا گیا، جس میں کیٹیگری سی کے ماہوار وظیفے میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، گزشتہ سینٹرل کنٹریکٹ کا یہ ماہانہ معاوضہ ساڑھے پانچ لاکھ روپے تھا۔