سابقہ اداکارہ نور بخاری اور عون چوہدری کے ہاں بیٹی کی پیدائش

لاہور: فلمی دُنیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ اداکارہ نور بخاری اور عون چوہدری کے ہاں ایک اور بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
انسٹاگرام پر نومولود بیٹی کا ہاتھ تھامے تصویر شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے بیٹی کی پیدائش کی اطلاع مداحوں کو دی۔
نور بخاری نے تصویر کے ساتھ پوسٹ کے کیپشن میں قرآن کی آیت شیئر کی، جس کا ترجمہ ہے اور تم اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلاؤ گے۔
نور بخاری نے پوسٹ میں مزید لکھا کہ اللّٰہ نے ہمیں خوبصورت بیٹی دعا زہرا سے نوازا ہے، اللّٰہ اسے نظر بد سے محفوظ رکھے، میری دعا کو اپنی دعاؤں میں شامل رکھیں۔
واضح رہے کہ نور بخاری کے ہاں یہ چوتھے بچے کی پیدائش ہے۔
نور نے پہلی شادی 2008 میں وکرم نامی بزنس مین سے کی تھی، لیکن 2 سال بعد ہی ان کی طلاق ہوگئی تھی، بعدازاں نور بخاری نے 2010 میں فاروق مینگل سے شادی کی تھی جو ایک سال سے بھی کم عرصہ رہی۔
نور نے 2012 میں عون چوہدری سے شادی کی تھی اور ان سے ان کی ایک بیٹی بھی ہے، لیکن یہ شادی بھی صرف چند ماہ تک ہی رہی، 2015 میں اداکارہ نے گلوکار ولی حامد سے چوتھی شادی کی تھی جو 2017 میں ختم ہوگئی تھی۔
2020 میں ہی نور بخاری کی جانب سے بیٹی کے ساتھ ایک نومولود کی تصاویر اور ضروری سامان کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے واضح کیا گیا تھا کہ ان کی فیملی میں ایک نومولود کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد 2020 میں ہی نور بخاری کی عون چوہدری سے دوبارہ شادی کی خبر سامنے آئی تھی، اس کے بعد سابقہ اداکارہ کے ہاں 2023 میں بھی بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔