فلور ملز کی ہڑتال، آٹے کی سپلائی بند ہونے سے بحران کا اندیشہ
کراچی/ اسلام آباد: پاکستان کے مختلف شہروں میں فلور ملز نے آج سے ملک بھر میں گندم کی پسائی اور آٹا سپلائی بند کردی، جس کے باعث آٹے کا بحران پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق 1500 مل مالکان نے ہڑتال کر رکھی ہے اور ملک بھر سے فلور ڈیلرز بھی ہڑتال میں شامل ہوگئے ہیں۔
چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کا کہنا ہے کہ ہم ود ہولڈنگ ٹیکس اکٹھا نہیں کریں گے، ود ہولڈنگ ٹیکس سے آٹے کا تھیلا 200 روپے مہنگا ہوجائے گا۔
آل پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے اعلان کے بعد آج گوجرانوالا ضلع کی 73 فلور ملز مکمل بند ہیں، ملتان میں بھی ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ضلع کی 60 سے زائد فلور ملز بند ہیں جب کہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں تمام 100 فلور ملز بند ہیں۔
ترجمان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق فیصل آباد میں بھی فلورملز بند ہونے سے 2 لاکھ یومیہ آٹے کے تھیلوں کی سپلائی بند ہوگئی ہے جب کہ کمالیہ شہر کی تمام 10 اور ضلع خوشاب کی 4 فلور ملز بند ہیں۔