حیدرآباد جانے والی کار سیلابی ریلے میں بہنے سے 7 مسافر لاپتا
کراچی: شہر قائد سے حیدرآباد جانے والی کار ایم نائن لنک روڈ پر سیلابی ریلے میں بہہ گئی، میاں بیوی سمیت ایک ہی خاندان کے 7 افراد لاپتا۔
نجی ٹی وی کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ کراچی کے قریب کاٹھور میں گزشتہ روز حیدرآباد جاتے ہوئے ایک فیملی گاڑی سمیت بہہ گئی، ریسکیو ٹیم نے ایک بچے کی لاش اور گاڑی نکال لی ہے، تاہم فیملی کے دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔
کراچی سے حیدرآباد جانے والی مسافر گاڑی میں میاں بیوی کے علاوہ 15 سالہ حمنا، 13 سالہ ایان، 11 سالہ حماد، 10 سالہ محمد موسیٰ سوار تھے۔
مددگار 15 کو شہزاد نامی شہری کی جانب سے گاڑی ڈوبنے کی اطلاع دی گئی، شہری گلشن حدید کا رہائشی ہے۔ ایس ایچ او میمن گوٹھ کے مطابق اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی، تاہم پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات درپیش آئیں۔
سیکریٹری محکمہ اطلاعات عبدالرشید سولنگی کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والی فیملی کی تلاش کے لیے ایدھی کے رضاکار سرچ آپریشن میں جاری ہے، متاثرہ خاندان کو مقامی افراد نے سیلابی پانی میں جانے سے منع کیا تھا، لیکن تنبیہہ کو نظرانداز کرتے ہوئے ڈرائیور نے سفر جاری رکھا۔