قیمتی مچھلی کے شکار نے غریب ماہی گیر کو لکھ پتی بنادیا!

گوادر: غریب مچھیرے کے جال میں 26 کلو وزنی قیمتی سوا مچھلی پھنس گئی، جس نے اُس کی قسمت بدل کر رکھ دی اور اُسے لکھ پتی بنادیا۔ خیال رہے کہ رواں ہفتے جیونی سے پکڑی جانے والی یہ تیسری قیمتی مچھلی ہے۔
پچھلے چند دن سے گوادر کے مچھیروں پر قسمت مہربان ہے، غریب ماہی گیر کے جال میں 26 کلو وزنی قیمتی سوا مچھلی پھنس گئی، سوا مچھلی جیونی کی منڈی میں نیلام کردی گئی، منڈی میں سوا مچھلی 6 لاکھ 76 ہزار روپے میں نیلام ہوئی۔
رواں ہفتے جیونی سے پکڑی جانے والی یہ تیسری بیش قیمت مچھلی ہے، اس سے قبل 30 مئی کو بھی ایک مچھیرے کے جال میں قیمتی 48 کلو وزنی سوا مچھلی پھنسی تھی، جو 86 لاکھ 40 ہزار میں نیلام ہوئی۔
چند دن قبل بھی جیونی سے ایک سوا مچھلی پکڑی گئی تھی، جو 7 لاکھ روپے سے زائد میں فروخت ہوئی تھی۔
دھیان رہے کہ بلوچستان کے ساحل پر نایاب مچھلیاں بڑی تعداد میں پائی جاتی ہیں اور مقامی مچھیرے اکثر ایسی نایاب مچھلیوں کا شکار کرتے رہتے ہیں، جن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں بہت زیادہ قیمت ہوتی ہے۔
سوّا مچھلی کو انگریزی میں کروکر (Croaker) اور بلوچی میں کر کہا جاتا ہے، ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ اس مچھلی کے شکار کے دو مہینے ہوتے ہیں اس لیے اس کو پکڑنے کے لیے مچھیروں کو بہت سارے جتن کرنے پڑتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔