زاہد ابراہیم بھٹی فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹر مقرر

کراچی: سندھ حکومت نے حقیقی ماہی گیر زاہد ابراہیم بھٹی کو فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کردیا، ماہی گیروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، بھٹ آئی لینڈ میں جشن کا سماں۔
زاہد ابراہیم بھٹی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی کرپٹ مافیا کے خلاف اعلان جنگ کردیا، زاہد ابراہیم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کرپشن کا خاتمہ کر کے ادارے کو ترقی کی راہ پر گامزن اور حقیقی ماہی گیروں کو ان کا حق دلانا میرا مشن ہے، جسے ہر قیمت پر پورا کروں گا۔
سندھ حکومت نے پہلی مرتبہ مکمل اختیارات کے ساتھ بھٹ آئی لینڈ کے رہائشی حقیقی ماہی گیر زاہد ابراہیم بھٹی کو فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کردیا۔ جیالے ماہی گیر رہنمازاہد ابراہیم بھٹی کوتمام ماہی گیر برادری کی مکمل حمایت حاصل ہے اور وہ ماہی گیروں کی زندگی میں خوش گوار تبدیلی کے لیے کوشاں رہے ہیں۔ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے فوری بعد کراچی فش ہاربر کے بورڈ روم میں مبارک باد دینے کے لیے بڑی تعداد میں آئے ہوئے ماہی گیروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں خود حقیقی ماہی گیر ہوں اس لیے مجھ سے زیادہ ماہی گیروں کی پریشانی اور مشکلات کوئی نہیں سمجھ سکتا۔ میں دن رات محنت کر کے اپنے حقیقی ماہی گیروں کی مشکلات کو کم اور سہولیات میں اضافہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔ زاہد ابراہیم بھٹی نے کہا کہ فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی میں کرپٹ مافیا نے کرپشن کا بازار گرم کر کے ادارے کوتباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔کرپٹ مافیاہمارے لیڈروں کے نام پرکرپشن کر کے اپنے پیٹ بھر رہی ہے۔ جس کی اجازت ہر گز کسی کو نہیں دیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔