فرسٹ کلاس کرکٹر شہزاد اعظم دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے
اسلام آباد: ایک اور فرسٹ کلاس کرکٹر جن کا تعلق اسلام آباد سے بتایا جاتا ہے، دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔
کرکٹ تجزیہ کار فرحان نثار نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے فرسٹ کلاس فاسٹ بولر دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے۔
انہوں نے بتایا کہ 36 سالہ بولر شہزاد اعظم نے 95 فرسٹ کلاس میچز میں 388 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔
قبل ازیں گزشتہ دنوں لاہور سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر عثمان شنواری میدان میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے تھے، انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے تھے۔
کرکٹر کے اچانک انتقال پر کرکٹ حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔