ڈجیٹل مالی خدمات پر پانچواں اسٹیک ہولڈرز اجلاس ، اسٹیٹ بینک کا نئے اقدامات کا اعلان

کراچی: گورنر بینک دولت پاکستان ڈاکٹر رضا باقر نے ڈجیٹل فنانشل سروسز پر اسٹیک ہولڈرز کے پیر 2 اگست 2021ء کو منعقدہ پانچویں اجلاس میں مالی اداروں کی جانب سے ڈجیٹل مالی مصنوعات اور خدمات متعارف کرانے کے لیے دو نئے اقدامات کا اعلان کیا تاکہ معاشرے کے تمام طبقات کو فائدہ پہنچے۔ یہ اقدامات ڈجیٹل چیک کلیئرنگ اور ادائیگیوں کے لیے ایک یونیفائیڈ کیو آر کوڈ کا متعارف کروایا جانا ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اسٹیٹ بینک فعال طور پر اوپن بینکنگ میں پیش رفت کی راہیں تلاش کر رہا ہے، جو مالی اداروں کے مابین صارفین کی جانب سے اجازت یافتہ معلومات کے اشتراک اور لیوریجنگ کی سہولت فراہم کرتا ہے تاکہ صارفین کے انتخاب، مسابقت کی ترویج اور مالی شعبے میں کارکردگی میں اضافے کے لیے سہولت پیدا ہو اور صارفین کے فائدے کے لیے اختراعی مصنوعات اور خدمات متعارف کرائی جا سکیں۔ یہ اسٹیک ہولڈرز اجلاس جو گورنر اسٹیٹ نےاکتوبر 2019ء میں شروع کیے تھے سرکاری اور نجی شعبے کے کلیدی فریقوں کو اکٹھا کرنے کے لیے ہیں تاکہ معلومات کا اشتراک کیا جا سکے اور مالی خدمات کی ڈجیٹلائزیشن کو تیز کرنے اور ڈجیٹل پاکستان کے وژن کو فروغ دینے کے لیے وسیع اثرات کے حامل مسائل کو باہمی تعاون سے حل کیا جا سکے۔
اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) عامر عظیم باجوہ ، چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد،چیئرمین نادرا محمد طارق ملک، عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بین حاسین اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کےنمائندوں سمیت اسٹیک ہولڈرز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان ریونیو (اے جی پی آر)، کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس (سی جی اے)، وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن اور وزارت تجارت کے نمائندے بھی موجود تھے۔بینکوں، مائیکرو فنانس بینکوں اور الیکٹرانک منی اداروں(ای ایم آئیز)، پی ایس اوز، پی ایس پیز کے ساتھ ساتھ کئی دیگر ڈجیٹل مالی خدمات کے اسٹیک ہولڈرز نے مالی شعبے کی نمائندگی کی۔
گورنر رضا باقر کے اعلان کردہ اقدامات کا محور ڈجیٹلائزیشن اور مالی شمولیت کے مقاصد میں تیزی لانا ہے۔ ڈجیٹل چیک کلئیرنگ کے اقدام سے چیک کلئیر کرانے کے لیے خود موجود ہونے کی ضرورت نہیں رہے گی ، اس طرح اس عمل میں صَرف ہونے والا بہت سا وقت بچے گا۔ دوسرےاقدام یعنی یونیفائیڈ کیو آر کوڈ متعارف کرانے سے صارفین کسی بھی ڈجیٹل ایپلی کیشن کے ذریعے ادائیگیاں کرسکیں گے اور علیحدہ اپیس کے استعمال کی ضرورت ختم ہوجائے گی۔ گورنر رضا باقر نے کہاکہ اسٹیٹ بینک اختراعی ڈجیٹل مالی خدمات کا فروغ جاری رکھے گا اور جتنا ممکن ہو اس ضمن میں مسائل حل کرکے سہولت فراہم کرتا رہے گا۔
گورنر رضا باقر نے اسٹیٹ بینک کے ’راست‘ پیمنٹ پلیٹ فارم پر ہونے والی پیش رفت سے شرکا کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ فرد تا فرد ادائیگی کے دوسرے مرحلے کا آغاز اکتوبر 2021ء میں ہوگا، جس کے لیے بینک ’راست‘ سے منسلک ہورہے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔