ملک کا مستقبل روشن، بھارت معرکہ حق کبھی بھلا نہیں سکے گا، فیلڈ مارشل

کراچی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ترقی کے لیے عوام، حکومت اور افواج کے درمیان مضبوط تعلقات ناگزیر ہیں، بھارت اپنی فوجی طاقت، قوم پرستی اور جعلی اسٹرٹیجک اہمیت سے سیاسی فوائد حاصل کرنا چاہتا ہے۔
پی این ایس رہبر کراچی میں پاک بحریہ کی 123 ویں مڈ شپ مین اور 31ویں شارٹ سروس کمیشن کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ دوست ممالک کے پریڈس کو مبارک باد دیتا ہوں، میری ٹائم واریئرز کی شاندار پاسنگ آؤٹ کا معائنہ میرے لیے اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے امن کے لیے بات چیت چاہتا ہے مگر کوئی شک نہ رہے کہ ہم اپنا دفاع کریں گے اور ہر صورت اپنی مادر وطن کے دفاع کو یقینی بنائیں گے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ترقی کے لیے عوام، حکومت اور افواج کے درمیان مضبوط تعلقات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے بھارت کو پُرعزم جواب سے قومی وقار مضبوط ہوا اور بھارت کا غرور خاک میں مل گیا، ہمارا مستقبل روشن ہے۔ خطے میں پاک بحریہ کے لیے میری ٹائم وار فیئر چیلنجز بڑھ رہے ہیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر نے کہا کہ بھارت نے غیر ذمے دارانہ جنگ کا ارتکاب کیا اور دو بار پاکستان پر حملہ کیا، اپنی فوجی طاقت، قوم پرستی اور جعلی اسٹرٹیجک اہمیت سے بھارت سیاسی فوائد حاصل کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بھرپور اور مؤثر جواب نے خطے کو بڑے تنازع سے بچایا جب کہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان نے صبر و تحمل اور ذمے داری کا مظاہرہ کرکے امن کو ترجیح دی، جس کی وجہ سے پاکستان آج خطے میں نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کے طور پر جانا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر دشمن سمجھتا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر حملے برداشت کرے گا تو یہ خطرناک غلط فہمی ہے، دشمن نے ہماری خودمختاری کو چیلنج کیا تو نتائج کی ذمے داری اُسی پر ہوگی اور دشمن کا یہ اقدام پورے خطے کے لیے خطرناک ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر حال میں اپنی خودمختاری اور مفادات کا دفاع کرے گا اور کسی قسم کی جھجک نہیں دکھائے گا، کسی بھی قیمت پر اپنی دھرتی کے تحفظ کے لیے تیار ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت معرکہ حق اور اس میں ہونے والی شکست کو کبھی بھول نہیں سکے گا۔
حق خودارادیت کے حصول میں کشمیری عوام کے ساتھ ہیں، خطے میں مستحکم امن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ناممکن ہے، کشمیر کے مسئلے کو دبایا نہیں جاسکتا بلکہ اسے کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ہوگا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ ہمارا قومی جذبہ آزمائشوں کے دوران اور بھی مضبوط ہوا، آج ہم پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور پُرعزم ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔