فیروز خان پر کالا جادو ہوا، اس نے عجیب و غریب حرکتیں شروع کردی تھیں، والدہ
کراچی: مقبول اداکارہ حمائمہ ملک اور اداکار فیروز خان کی والدہ نے انکشاف کیا ہے کہ فیروز پر کئی مرتبہ جادو ٹونے کیے گئے جس کے بعد وہ عجیب وغریب حرکتیں شروع کردیتے تھے۔
سوشل میڈیا پر اداکار فیروز خان کی والدہ کا بیٹے کے ساتھ اسپیشل وی لاگ وائرل ہوگیا، جس میں انہیں فیروز سمیت اہل خانہ پر کیے گئے جادو سے متعلق بات کرتے دیکھا گیا۔
فیروز خان کی والدہ کا کہنا تھا کہ ہمارے گھر میں بہت سے جادو ٹونے ہوئے، کبھی سوئیاں لگا ہوا لیموں تو کبھی سوئیاں لگا ہوا پُتلا تو کبھی گھر میں پھینکے گئے بہت سارے تعویذ نکلتے، مجھے سمجھ نہیں آتا تھا کہ یہ تعویذ ہمارے گھر کون لاتا ہے، ان تعویذوں کو لانے والے شخص کو کبھی نہیں دیکھا نہ ہی یہ جان سکی کہ ان کو ہمارے گھر پھینکنے والا یا پھر لاکر رکھنے والا شخص کون تھا؟
فیروز کی والدہ نے بتایا کہ جب جب میرے گھر جادو ہوئے اور جب جب میرے گھر سے تعویذ نکلے تب تب فیروز کی بہت زیادہ طبیعت خراب ہوجاتی تھی، 6 مہینے قبل بھی ہمارے گھر سے 11 سوئیاں چبھا ہوا لیموں برآمد ہوا، جس رات یہ لیموں ہمارے گھر پھینکا گیا اس کے اگلے روز ہی فیروز کے والد کی طبیعت بے حد خراب ہوگئی اور 6 مہینے بیمار رہنے کے بعد وہ اب ٹھیک ہوئے، اس دوران میرے بھی سارے بال اترگئے۔
حمائمہ اور فیروز کی والدہ کا کہنا تھا اس تعویذ کے بعد سے فیروز نے بھی عجیب وغریب حرکتیں شروع کردیں، یہ حقیقت ہے کہ جادو ہے لیکن مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگوں کو ان جادو ٹونوں سے ملتا کیا ہے۔
مجھ پر کالا جادو کیا گیا: فیروز خان
واضح رہے کہ اس سے قبل فیروز خان بھی خود پر کالا جادو کروائے جانے کا دعویٰ کرچکے ہیں۔
فیروز نے بتایا تھا کہ میں نے آوازیں سننے سے لے کر اپنے ارد گرد عجیب مخلوق کی موجودگی کو بھی محسوس کیا جس نے میری زندگی پر بُرے اثرات مرتب کیے لیکن اللّٰہ کے کرم اور آپ ﷺ کی رحمت سے کالے جادو کے اثر سے باہر نکلا ہوں۔