وفاقی بجٹ قومی اسمبلی سے منظور، اپوزیشن کی تمام ترامیم مسترد

اسلام آباد: بجٹ 2024-25 کی شق منظوری کا عمل مکمل ہونے کے بعد 18877 ارب روپے کا وفاقی بجٹ قومی اسمبلی میں منظور کرلیا گیا جب کہ اپوزیشن کی تمام ترامیم مسترد کردی گئیں۔

شق وار منظوری کے عمل کے دوران پیپلزپارٹی نے پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی میں کمی کی ترامیم واپس لیں۔

وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اپوزیشن نے بجٹ کو آئی ایم ایف کا تیار کردہ اور عوام دشمن قرار دیتے ہوئے مخالفت کی۔

پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی میں کمی کے لیے پیپلزپارٹی نے ترامیم واپس لے لیں جب کہ اپوزیشن کی ترامیم ایوان نے مسترد کردیں، جس پر اپوزیشن نے رائے شماری کرانے کا مطالبہ کیا۔

اس دوران، 170 ارکان اسمبلی نے پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی میں کمی کے خلاف ووٹ دے دیا جب کہ 84 ارکان نے لیوی میں کمی کی حمایت کی۔ اس طرح، پٹرولیم لیوی میں کمی کی اپوزیشن کی ترامیم کثرت رائے سے مسترد کردی گئیں، تاہم وزیر خزانہ نے خود ہی پٹرولیم لیوی میں کمی کا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے خیبر پختونخوا کو کم منصوبے دینے اور فنڈز روکنے کا معاملہ اٹھایا، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے خود وضاحت کردی۔

سنی اتحاد کونسل کے رکن جنید اکبر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی طرح میں بھی جیل میں تھا، ہماری حکومت آئی تو آپ کو بتائیں گے، جیل کیا ہوتی ہے۔ آپ نے جو ہماری خواتین کے ساتھ کیا سود سمیت واپس کریں گے۔

سیلز ٹیکس آڈٹ کے لیے ایف بی آر افسران کے اختیارات میں مزید اضافے کی ترمیم بھی منظور کرلی گئی، ایف بی آر کو سیلز ٹیکس آڈٹ کے لیے تمام ریکارڈ اور ڈیٹا حاصل کرنے کا اختیار ہوگا۔

سیلز ٹیکس آڈٹ کے دوران انفرادی حیثیت یا مجاز اتھارٹی کو پیش ہونا ہوگا، سیلز ٹیکس آڈٹ میں 6 سال سے پرانا ریکارڈ ایف بی آر نہیں طلب کرسکے گا۔

ٹیکس فراڈ پکڑنے کے لیے ایف بی آر میں ٹیکس فراڈ انویسٹی گیشن ونگ قائم کیا جائے گا۔ ونگ ٹیکس چوری، ٹیکس فراڈ، تحقیقات اور ٹیکس چوری روکنے کے لیے کام کرے گا۔

ونگ میں فراڈ انویسٹی گیشن یونٹ، لیگل یونٹ اور اکاؤنٹنٹس یونٹ قائم ہوں گے جب کہ چیف انویسٹی گیٹر کے ساتھ سینئر انویسٹی گیٹر، جونیئر انویسٹی گیٹر و دیگر عملہ شامل ہوگا۔ ونگ میں سینئر فرانزک اینالسٹ، سینئر ڈیٹا اینالسٹ و دیگر اسٹاف بھی شامل ہوگا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔