فواد چوہدری مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ کے لیے نیب کے سپرد
اسلام آباد: استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فواد چوہدری کو چوتھی مرتبہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا گیا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند نے فواد چوہدری کے خلاف جہلم میں تعمیراتی منصوبوں میں خوردبرد کے کیس کی سماعت کی، اس سلسلے میں نیب پراسیکیوٹر اور وکیل صفائی عدالت نے دلائل دیے جب کہ پولیس نے جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر ملزم کو عدالت میں پیش کیا۔
دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ فواد چوہدری کا اب تک کتنے دن کا جسمانی ریمانڈ ہوچکا ہے؟ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ اب تک 20 روز کا جسمانی ریمانڈ ہوچکا ہے۔
اس دوران فواد چوہدری کے وکیل نے ڈیوٹی جج کی جانب سے سماعت کرنے پر اعتراض اٹھایا اور کہا کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ڈیوٹی پر ہیں اور اڈیالہ جیل میں موجود ہیں، استدعا ہے جج محمد بشیر کے آنے تک سماعت میں وقفہ کیا جائے۔
اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ابھی اپنے آفس میں نہیں، ان کی کرسی اس وقت خالی ہے اور اڈیالہ جیل میں موجود ہیں۔
اس دوران نیب پراسیکیوٹر نے فواد چوہدری کے مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جس کی وکیل صفائی نے مخالفت کی، تاہم عدالت نے سابق وزیر کا مزید تین روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں نیب کی تحویل میں دے دیا۔