ترکیہ میں مہدی ہونے کا جھوٹا دعوے دار گرفتار
انقرہ: ترکیہ میں مہدی المنتظر کا جھوٹا دعویٰ کرنے والے شہری مصطفیٰ شابوک کو اس کے پیروکاروں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
ترک میڈیا کے مطابق ترکیہ کے صوبے کیناکلے سے مصطفیٰ شابوک کو گرفتار کیا گیا۔ ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ شابوک نے خلافت محمدیہ کے نام سے الگ فرقہ بنا رکھا تھا، جس کے ماننے والوں کی تعداد 200 کے قریب تھی۔
مصطفیٰ شابوک نے 2023 میں ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے بعد متاثرین کے لیے رہائش کے انتظامات شروع کیے تھے، جس کے بعد اس نے کچھ لوگوں کے ساتھ مل کر ایک مذہبی گروپ قائم کرلیا۔
بعدازاں سوشل میڈیا پر اپنے عقائد و نظریات پیش کرتے ہوئے اس نے مذہبی نشانیاں موصول ہونے کا جھوٹا دعویٰ کیا۔
رپورٹ کے مطابق مصطفیٰ شابوک نے اپنے جھوٹے دعوے کے ذریعے اپنے پیروکاروں کی تعداد بڑھائی، انہیں اپنی جائیدادیں فروخت کرنے کے ساتھ قرضے لینے کے لیے بھی آمادہ کیا۔
2023 سے مصطفیٰ شابوک کو سوشل میڈیا پر تنازع کا سامنا تھا، جس کے بعد اسے اب 15پیروکاروں سمیت گزشتہ ہفتے گرفتار کیا گیا جب کہ شابوک اور اس کے پیروکاروں سے رقم اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ترک پولیس نے مصطفیٰ شابوک کو منافع فراڈ اور دیگر جرائم پر گرفتار کیا۔