پاکستانی نژاد امریکی گلوکار فیصل اختر کا نیا گیت کملی ریلیز
کراچی: موسیقی اور رومانس کا آپس میں گہرا رشتہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رومانوی گیت دنیا بھر میں پسند کیے جاتے ہیں۔ کملی گیت کی موسیقی نامور موسیقار اور گائیک احمد جہاں زیب نے ترتیب دی ہے اور پاکستانی نژاد امریکی گلوکار فیصل اختر کی گائیکی کے ایک ایک ُسر اور راگ میں رومانس بھرا ہوا ہے۔
کملی گیت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت اور موسیقی کے دیوانوں کی جانب سے ملنے والی پذیرائی نے دل خوش کردیا۔
نامور گلوکار فیصل اختر نے امریکا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کملی سونگ کی وڈیو دبئی کی دل کش لوکیشن پر شوٹ کی گئی ہے اور بین الاقوامی شہرت یافتہ ماڈلز نے ماڈلنگ کی ہے۔ گانے میں محبوب کی روٹھنے، منانے کی کیفیات کی خوبصورتی سے عکاسی کی گئی ہے۔ وڈیو دیکھنے ہوئے ایسا محسوس ہوگا۔ جیسے بولی وُڈ کی کسی فلم کا گیت ہے۔ ہم نے کملی گانے کی وڈیو کو عالمی معیار کے مطابق تیار کیا ہے، کیوںکہ آج کے دور میں سونگ شوق سے دیکھا اور سنا بھی جاتا ہے۔
امریکا میں مقیم سنگر فیصل اختر کا کہنا تھا کہ میں امریکا میں پاکستانی موسیقی کا سفیر ہوں۔ پاکستانی موسیقی سماعتوں میں رس گھولتی ہے ۔سچی موسیقی روح میں اتر جاتی ہے۔ 25 برس سے امریکا کی مختلف ریاستوں میں منعقد ہونے والے کنسرٹس میں آواز کا جادو جگا رہا ہوں۔ میرا ایک سونگ پاکستان کی پلاٹینم جوبلی کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔ پہلی مرتبہ موسیقی سے پیار کرنے والے احمد جہاں زیب اور فیصل اختر کو ایک ساتھ دیکھیں گے۔