پاکستانی معیشت کو کمزور کرنے کا ہر بھارتی حربہ ناکام ہوگا، عقیل کریم ڈھیڈی

کراچی: پہلگام، مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں پر حملے کے بعد بھارتی میڈیا کے من گھڑت اور جھوٹے پروپیگنڈے کے جواب میں پاکستان کی بزنس کمیونٹی میدان میں آگئی۔
معروف بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاحوں پر حملے کے بھارتی فالس فلیگ آپریشن کا الزام پاکستان پر دھرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
عقیل کریم ڈھیڈی کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ بھارت سرکار انتخابات کے نتائج اپنے حق میں کرنے کے لیے اس قسم کے ڈرامے رچاتی رہتی ہیں۔ مودی دور میں ایسی کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مودی حکومت بھارتی مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کے لیے عذاب بنی ہوئی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی طویل تاریخ ہے۔ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈوں کے ذریعے ہی بھارتی سیاست دانوں کی سیاست کا پہیہ چل رہا ہے۔ انتہاپسند مودی نے بھارت کو اقلیتوں کے لیے جہنم میں بدل ڈالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے، جس کو سنبھالا دینے کے لیے مودی سعودیہ، یو اے ای اور دیگر مسلم ملکوں سے مدد مانگنے کے لیے پیش پیش رہتا ہے۔ گویا مسلمانوں سے ہی مدد کا طالب ہے اور اپنے ملک میں مسلمانوں پر ہی سب سے زیادہ ظلم کررہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مودی بھیک مانگنے تین بار سعودیہ جاچکا ہے۔ سعودیہ اور یو اے ای کو بھارت کے اس رویے کی سرزنش کرنی چاہیے۔
عقیل کریم ڈھیڈی کا کہنا تھا کہ، الحمدللہ پاکستان کی معیشت آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کاوشوں سے مستحکم اور مضبوط ہوچکی ہے۔ معاشی استحکام کے حصول میں آرمی چیف کے وژن کا کلیدی کردار ہے۔ ملکی ترقی کے لیے سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحے پر ہیں۔ بھارت کا پاکستان کی معیشت کو کمزور کرنے کا کوئ حربہ اب کامیاب نہیں ہوگا۔
عقیل کریم ڈھیڈی کا کہنا تھا کہ بھارت کو اب اس قسم کے جھوٹے پروپیگنڈے کی روش ترک کردینی چاہیے، کیونکہ جب بھی اصلیت کُھلتی ہے تو اُس کو ہی سبکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔