انگلینڈ نے چھٹے ٹی 20 میں پاکستان کو باآسانی زیر کرلیا
لاہور: فل سالٹ کی 88 رنز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے پاکستان کو چھٹے ٹی 20 میں 8 وکٹوں سے باآسانی زیر کرکے سیریز تین، تین سے برابر کردی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 ٹی 20 میچز کی سیریز کا چھٹا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں انگلش کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
انگلینڈ کی دعوت پر پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد حارث نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور صرف 14 کے مجموعی اسکور پر حارث پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 8 گیندوں پر 7 رنز بنائے، شان مسعود بھی آتے ہی صفر پر آؤٹ ہوکر پویلین کی جانب روانہ ہوئے۔
نئے آنے والے بلے باز حیدر علی 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یوں پاکستان کو 62 کے مجموعی اسکور پر 3 کھلاڑیوں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
اس دوران بابر اعظم نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔ پھر افتخار احمد 110 کے مجموعی اسکور پر 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پھر آصف علی 136 اور محمد نواز اننگز کی آخری گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم نے بابر اعظم کے 87 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم 87 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جب کہ افتخار احمد 31 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
بابر اعظم نے اس کے ساتھ ہی ٹی 20 میچز کی 81 اننگز کھیل کر 3000 رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولے اور سام کرن نے 2، 2 جب کہ رسی ٹاپلے، رچرڈ گلیسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلش ٹیم نے 170 رنز ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز جارحانہ انداز سے کیا اور تین اوورز میں 50 رنز بنائے، ایلکس ہیلز 55 کے مجموعی اسکور پر 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
سالٹ اور ڈیوڈ میلان نے شاندار شراکت داری قائم کرتے ہوئے اسکور 128 تک پہنچایا تو میلان 26 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
انگلش ٹیم کے اوپنر سالٹ نے جارحانہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 41 گیندوں پر 3 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے۔ انگلینڈ نے 170 رنز کا ہدف 14.3 اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا اور پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
فل سالٹ 87، ایلکس ہیلز 27 جب کہ بین ڈکٹ اور ڈیوٹ میلان 26،26 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے صرف شاداب خان ہی دو وکٹیں حاصل کرسکے۔
دونوں ٹیموں نے میچ میں دو دو تبدیلیاں کیں۔ قومی ٹیم میں محمد رضوان کی جگہ محمد حارث اور حارث رؤف کی جگہ شاہ نواز ڈاہانی کو ٹیم میں شامل کیا۔
سیریز کا ساتواں معرکہ خاصی اہمیت اختیار کرگیا ہے، اس کو جیتنے والی ٹیم سیریز کی بھی فاتح قرار پائے گی۔