دشمن کے مذموم عزائم، پاک بحریہ نے لڑاکا جہاز پانیوں میں اُتار دیے

کراچی: پاک بحریہ نے دشمن کے مذموم ارادے بھانپتے ہوئے اپنے لڑاکا جہاز پانیوں میں اُتار کر انہیں مخصوص مقامات پر پہنچادیا۔
پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی مس ایڈونچر کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
پاکستان نیوی کے مطابق بھارتی ایئر کرافٹ کیریئر اور جہازوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ جارحیت پر اُتری بھارتی بحریہ کی جانب سے جہازوں کی تعیناتی قابل فہم ہے مگر بھارت کی موجودہ صلاحیت کے لحاظ سے دیکھا جائے تو اس کا کوئی قابل ذکر اثر نہیں پڑے گا۔
اس کے برعکس بھارتی بحریہ کے اثاثے پاکستان کے لیے ایک پُرکشش ہدف ثابت ہوں گے۔
برطانوی اخبار کی جانب سے بھارتی بیڑے کی پیش قدمی پر ردعمل میں پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ اُس ناکام بھارتی پروپیگنڈے کا تسلسل ہے، جس میں گزشتہ شب مضحکہ خیز دعویٰ کیا گیا تھا کہ کراچی کی بندرگاہ پر حملہ کردیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ میزائلوں کی جس رینج کا دعویٰ کیا گیا ہے وہ بھی گمراہ کن ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نیوی نے دشمن کے کسی بھی مس ایڈونچر کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی نیوی اگر پاکستان کی جانب میلی نگاہ سے بڑھے گی تو اسے بحیرہ عرب میں غرق کردیا جائے گا۔
اس سے پہلے برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت نے سپر سونک کروز میزائل سے لیس اپنے جنگی جہاز پاکستان کی جانب روانہ کردیے ہیں، تاکہ کراچی کی بندرگاہ کو نشانہ بنایا جائے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔