7 ارکان قومی اسمبلی کے ایوان میں داخلے پر پابندی کا خاتمہ
اسلام آباد: گزشتہ روز ہنگامہ آرائی میں ملوث 7 ارکان کے ایوان میں داخلے پر عائد کی جانے والی پابندی اسپیکر اسد قیصر نے ختم کردی۔
اسمبلی سیکریٹریٹ اور سیکیورٹی عملے کو پابندی کے خاتمے سے آگاہ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گزشتہ روز 7 ارکان پر پابندی لگائی تھی، جن میں حکومتی جماعت تحریک انصاف اور اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کے 3، 3 ارکان جب کہ پیپلز پارٹی کا ایک رکن شامل تھا۔
اسپیکر کی جانب سے کارروائی تحریک انصاف کے علی نواز اعوان، عبدالمجید، فہیم خان، ن لیگ کے شیخ روحیل اصغر، علی گوہر خان، چوہدری حامد حمید اور پیپلز پارٹی کے آغا رفیع اللہ کے خلاف کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ منگل 15 جون کو بجٹ سے متعلق قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی تقریر کے دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان جھگڑا ہوگیا تھا، جس پر دونوں طرف سے ایک دوسرے پر بجٹ کاپیاں پھینکی گئیں۔
ایوان میں ہنگامہ آرائی کے دوران پی ٹی آئی رکن اسمبلی ملیکہ بخاری اور سیکیورٹی اہل کار زخمی ہوگیا تھا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ارکان کو اپوزیشن لیڈر کی تقریر کے دوران اپنی سیٹوں پر بیٹھنے کی بار بار تلقین کرتے رہے مگر اراکین نے ایک نہ سنی۔