کے یو جے دستور کے انتخابات: حامد الرحمٰن صدر، نبیل اختر سیکریٹری منتخب
کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے سالانہ انتخابات برائے 2024-25 میں دی ڈیموکریٹس پینل کے صدر اور سیکریٹری بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے ہیں۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے سالانہ انتخابات میں دو پینل اورکچھ آزاد امیدواروں نے حصہ لیا، جس میں سے دی ڈیموکریٹس نے صدر، سیکریٹری، سینئر نائب صدر، سینئر جوائنٹ سیکریٹری اورگورننگ باڈی کی 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جب کہ فرینڈز پینل نے ایک نائب صدر، جوائنٹ سیکریٹری، خازن، سیکریٹری انفارمیشن سمیت گورننگ باڈی کی 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
آزاد امیدواروں میں سے کوئی بھی نشست حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ کامیاب امیدوار میں 6 خواتین بھی شامل ہیں۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے سالانہ انتخابات کی تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں ارکان نے حصہ لیا۔
دی ڈیموکریٹس پینل کے صدر کے امیدوار حامد الرحمٰن اعوان نے 327 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جب کہ مدمقابل فرینڈز پینل سے صدر کے امیدوار احمد دراز خان نے 257ووٹ حاصل کیے۔
سیکریٹری کی نشست پر دی ڈیموکریٹس پینل کے سید نبیل اختر 283ووٹ لے کر کامیاب قرارپائے۔ ان کے مدمقابل فرینڈز پینل کے منصور احمد قریشی نے 269 ووٹ حاصل کیے۔ نائب صدور کی 2 نشستوں کے لیے دی ڈیموکریٹس پینل کے عاصم بھٹی 312اور فرینڈز پینل کے کفیل الدین فیضان 333ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔اسی طرح خزانچی کی نشست کے لیے فرینڈز پینل کے وکیل الرحمٰن 342 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ مدمقابل دی ڈیموکریٹس پینل کے بلال طاہر نے 228 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
جوائنٹ سیکریٹری کی 2 نشستوں کے لیے دی ڈیمو کریٹس پینل کے حماد حسین نے 320ووٹ اور فرینڈز پینل کے سہیل رب خان 270ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔ انفارمیشن سیکریٹری کی نشست پر فرینڈز پینل کے ایس ایم اشرف 303 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جب کہ دی ڈیموکریٹس کی فہمیدہ یوسفی نے 278 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ اسی طرح ممبر گورننگ باڈی کی 9نشستوں کشمالہ نجیب 349 ووٹ، عرشی عباس 305ووٹ، انعم رزاق 302، مصباح لغاری 297 ووٹ، علی شیر(منصور کھوکھر) 296 ووٹ، مہوش رضا نے 290 ووٹ، رباب ابراہیم 289ووٹ، راجا عمران 289 ووٹ اور فیضان خانزادہ 286 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔