الیکشن کمیشن اجلاس، عام انتخابات ہر صورت 8 فروری کو کرانے کا فیصلہ
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات ہر صورت 8 فروری کو ہی کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی سے متعلق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں آئی جی اور چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا، آئی جی بلوچستان پولیس اور چیف سیکریٹری بلوچستان بھی شریک ہوئے، نگراں وفاقی وزیر داخلہ گوہر اعجاز اور سیکریٹری داخلہ آفتاب درانی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نگراں وفاقی وزیر داخلہ گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ الیکشن 8 فروری کو ہیں، اس کے انعقاد پر کسی کو ابہام نہیں ہونا چاہیے، الیکشن کا انعقاد ہر صورت نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن یقینی بنائے گا، 8 فروری کو الیکشن ہر صورت میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں ایک امیدوار کی ہلاکت اور بلوچستان میں بے امنی کے واقعات کے بعد الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس طلب کیا گیا تھا۔
اجلاس میں خیبر پختوانخوا اور بلوچستان کی سیکیورٹی صورت حال پر غور کیا گیا، دونوں صوبوں میں سیکیورٹی کی صورت حال پر متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کی گئی تھی۔
اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر نے کہا تھا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں الیکشن ملتوی کرنے کا کوئی امکان نہیں جب کہ نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز کا کہنا تھا یقینی بنایا جارہا ہے کہ انتخابات کے لیے پُرامن اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔