اپنے بچوں کو ایکسٹرا میریٹل افیئر سے متعلق آگہی دیں، فائزہ حسن
کراچی: اداکارہ فائزہ حسن نے موقف اختیار کیا ہے کہ اپنے بچوں کو ایکسٹرا میریٹل افیئر کے بارے میں آگاہی دیں۔
فائزہ حسن نہایت باصلاحیت اور ورسٹائل اداکارہ ہیں، جنہوں نے برنس روڈ کی نیلوفر، آپّا شمیم اور تم لڑکے بھی نا جیسے ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کو متاثر کیا۔
اداکارہ فائزہ حسن دو بچوں کی ماں بھی ہیں، جن میں 17 سالہ بیٹی اور 14 سالہ بیٹا شامل ہیں۔
فائزہ حسن حال ہی میں فوشیا کے پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے جنریشن زی (جین زی) کی پرورش اور نئی نسل کے زیادہ سمجھ دار ہونے کے موضوع پر بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں فائزہ حسن نے کہا کہ بچوں کو نرمی اور بالواسطہ انداز میں یہ بات سمجھائی جا سکتی ہے کہ دھوکہ دینا یا بے وفائی کرنا غلط ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب آپ کسی خبر میں ایسا واقعہ دیکھیں یا کسی ڈرامے میں اس طرح کا موضوع آئے تو اس عمل کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو سیدھے سیدھے لیکچر دینا زیادہ مؤثر طریقہ نہیں ہوتا۔
فائزہ حسن نے کم عمری میں شادی کرنے والے نوجوانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کم عمر میں شادی کرنا کوئی بری بات نہیں، لیکن سب سے پہلے اپنی فلاح و بہبود اور مستقبل کے بارے میں سوچنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو پہلے مالی طور پر خودمختار ہونا چاہیے اور اس کے بعد شادی کے بارے میں فیصلہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیریئر بنانے کے دور میں لوگ جلدی شادی کے بارے میں سوچنے لگتے ہیں جب کہ پہلے خود کو مستحکم بنانا ضروری ہے۔
تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ کچھ لوگ زندگی میں ایک ساتھ ترقی کرنا چاہتے ہیں اور یہ بھی ایک اچھا نقطہ نظر ہوسکتا ہے۔