تمام معاشی اشاریے مثبت سمت میں جارہے، معیشت مستحکم ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ تمام معاشی اشاریے مثبت سمت میں جارہے ہیں اور چھوٹے و درمیانے کاروباروں کو فروغ دے کر معیشت مستحکم ہوگی۔
قومی رابطہ کمیٹی برائے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔ وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیر صنعت حماد اظہر، معاون خصوصی عثمان ڈار، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، صنعت، کامرس، خزانہ، توانائی، پٹرولیم اور قانون ڈویژن کے سیکریٹری صاحبان، چیئرمین ایف بی آر، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک، کمشنر سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، سی ای او سمیڈا، ایم ڈی پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی اور سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
ویڈیو لنک سے چیف سیکریٹری سندھ اور گلگت بلتستان، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں کشمیر کے سیکریٹریز صنعت، سی ای او ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے تمام شراکت داروں سے مشاورت کی جارہی ہے اور اس ضمن میں ایس ایم ای فنڈ بھی قائم کیا جائے گا۔ ایس ایم ایز کے فروغ کی خاطر قانونی، انتظامی اور ریگولیٹری مسائل کو جلد حل کرنے کے لیے اہداف مقرر کرلیے گئے ہیں۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے کاروباری طبقے کی سہولت کے لیے ٹیکس فارم کو آسان بنایا جارہا ہے اور رجسٹریشن پورٹل پر کام جاری ہے، سمیڈا کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اس کی تنظیم نو کی جارہی ہے تاکہ کاروباری طبقے کو معاونت فراہم کی جائے، صوبوں میں ورکنگ گروپس قائم ہوچکے ہیں جو چھوٹے اور درمیانے کاروبار کو مدد دیں گے، ایس ایم ایز کا ڈیٹا بیس ترجیحی بنیادوں پر اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے جس کی بنیاد پر حکومت ایس ایم ایز کو بروقت سہولت دے سکے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے مقرر اہداف کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار معیشت کا اہم جزو ہیں، ان کو فروغ دے کر معیشت مستحکم ہوگی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے، تمام معاشی اشاریے مثبت سمت میں جارہے ہیں اس لیے ان میں مزید بہتری کے لیے ایس ایم ایز کا فروغ ضروری ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔