دبئی رئیل اسٹیٹ انڈیکس میں 20 فیصد کمی، سرمایہ کاروں میں تشویش

دبئی: مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث دبئی کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ پر بھی اثرات پڑنا شروع ہو گئے ہیں۔ تازہ مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق دبئی رئیل اسٹیٹ انڈیکس گزشتہ پانچ کاروباری سیشنز کے دوران قریباً 20 فیصد تک گر گیا ہے، جس کے نتیجے میں سال 2026 کے دوران حاصل ہونے والے تمام ابتدائی فوائد ختم ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ انڈیکس 27 فروری کو 16 ہزار 910 اعشاریہ 3 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا تھا، تاہم اس کے بعد خطے میں جغرافیائی و سیاسی کشیدگی میں اضافے کے باعث مارکیٹ میں تیزی سے فروخت کا رجحان دیکھنے میں آیا۔ رواں سال کے آغاز میں دبئی کی پراپرٹی مارکیٹ پہلے ہی مضبوط کارکردگی دکھا رہی تھی اور 2025 میں ریکارڈ توڑ کارکردگی کے بعد 2026 کے ابتدائی مہینوں میں انڈیکس میں قریباً 15 فیصد اضافہ بھی دیکھا گیا تھا۔
دبئی کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ گزشتہ چند برسوں کے دوران غیر معمولی تیزی کا شکار رہی ہے۔ 2025 میں جائیداد کے لین دین کی مجموعی مالیت قریباً 917 ارب درہم (قریباً 250 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی تھی جب کہ سال بھر میں 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد پراپرٹی ڈیلز ریکارڈ کی گئیں۔ یہ دبئی کی تاریخ میں پراپرٹی کے شعبے کی ایک نمایاں اور ریکارڈ کارکردگی سمجھی جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق 2021 کے بعد سے دبئی میں رہائشی جائیدادوں کی قیمتوں میں قریباً 60 سے 75 فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے، جس نے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو اپنی جانب متوجہ کیا۔ غیر ملکی خریداروں میں بھارتی شہری نمایاں ہیں، جو دبئی میں ہونے والی مجموعی غیر ملکی پراپرٹی خریداری کا قریباً 20 سے 22 فیصد حصہ رکھتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں مارکیٹ میں اچانک فروخت کا بڑھتا ہوا رجحان اس بات کی نشان دہی کرتا ہے کہ مضبوط کارکردگی دکھانے والی مارکیٹیں بھی جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کے اثرات سے محفوظ نہیں رہتیں۔ اگر خطے میں کشیدگی مزید بڑھتی ہے تو سرمایہ کاروں کے اعتماد اور رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کی رفتار پر اس کے مزید اثرات پڑ سکتے ہیں۔
دوسری جانب ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ دبئی کی معیشت، عالمی سرمایہ کاری کے مواقع اور انفرا اسٹرکچر کی مضبوطی کے باعث طویل مدت میں یہ مارکیٹ دوبارہ استحکام حاصل کرسکتی ہے، تاہم موجودہ حالات میں سرمایہ کار صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔