افغان امن عمل، ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ پاکستان پہنچ گئے!
اسلام آباد: افغانستان کی قومی مفاہمت کی اعلیٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، وہ صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وزیر خارجہ اور دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ڈاکٹر عبداللہ کے ساتھ افغانستان کی قومی مفاہمت کی اعلیٰ کونسل کے ممتاز ارکان پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔ یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔
ڈاکٹر عبداللہ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹرٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد میں ایک پروگرام میں کلیدی اسپیکر کے طور پر خطاب اور میڈیا کے ساتھ بات چیت بھی کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈاکٹر عبداللہ کے دورے سے افغان امن عمل اور پاک افغانستان دو طرفہ تعلقات میں بہتری آئے گی، دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخ، مذہبی اور ثقافتی اقدار اور روایات کی جڑیں بہت ہی گہری ہیں، پاکستان افغان عوام کی امن، استحکام اور خوش حالی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔