ڈونلڈ بلوم کا تجارت، سرمایہ کاری میں امریکا-پاکستان شراکت داری کے عزم کا اعادہ
امریکی سفیر کی فریئرہال بحالی منصوبہ مکمل ہونے کی تقریب میں شرکت
کراچی: امریکا اور پاکستان کے درمیان 7 دہائیوں پر محیط طویل المدتی شراکت داری قائم ہے، جو صحت، تعلیم، توانائی، معاشی ترقی اور سیکیورٹی جیسے شعبہ جات و مشترکہ مفادات پر مبنی ہے۔ گزشتہ برسوں میں امریکا کی پاکستان میں سرمایہ کاری 50 فیصد سے زائد ہوئی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط و مربوط معاشی تعلقات کی عکاس ہے۔ سرمایہ کاری کے ان شعبہ جات میں ماحول دوست توانائی اور پائیدار زراعت میں سرمایہ کاری سمیت صحت عامہ میں تپ دق کے کنٹرول کے منصوبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ امریکا-پاکستان گرین الائنس اور عوامی روابط کے ذریعے پاکستان کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے اہم اقدامات بھی شامل ہیں۔
کراچی میں 22 سے 25 اکتوبر تک امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے فریئر ہال کے تاریخی ثقافتی ورثے کی بحالی کے لیے 350,000 ڈالر کے امریکی سفیر کے فنڈ برائے ثقافتی تحفظ (AFCP) منصوبے کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ یہ نادر منصوبہ، جو امریکی قونصل خانے اور سندھ ایکسپلوریشن اینڈ ایڈونچر سوسائٹی کی شراکت داری سے آج پایۂ تکمیل کو پہنچا ہے، واضح طور پر ان تمام کاوشوں کی نمائندگی کرتا ہے جو امریکا اور پاکستان مل کر کرتے آئے ہیں۔
فریئر ہال 2002 کے دھماکے میں متاثر ہوا تھا اوراس کی بحالی دونوں ممالک کے تعلقات اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کا عزم ظاہر کرتی ہے۔
امریکی سفیر بلوم نے ٹی بی کے خلاف پاکستان کی جانب سے کی گئی کاوشوں کو مزید تقویت دینے کے لیے حکومت سندھ کو پانچ جدید تشخیصی موبائل گاڑیاں اورتین موبائل ایکسرے مشینیں بھی فراہم کیں۔ یہ آلات USAID کے پروگرام کے تحت دیے گئے تاکہ دور دراز علاقہ جات میں تپ دق کی تشخیص و علاج تک پہنچ میں بہتری لائی جا سکے۔
امریکی سفیر نے ایک مقامی فوڈ پروسیسنگ کمپنی نیوٹریلو کا بھی دورہ کیا، جسے یو۔ایس۔ایڈ کے انویسٹمنٹ پروموشن ایکٹیویٹی (آئی۔پی۔اے) پروگرام کے تحت تعاون حاصل ہے، جس کا مقصد امریکی معاونت سے پاکستان میں کاروباری مواقع اور روزگار کی مد میں نت نئے رجحانات کو فروغ دینا ہے۔
کراچی میں قیام کے دوران، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے انسانی حقوق کے ماہرین سے ملاقات کی اور مذہبی آزادی ومحنت کشوں کے حقوق جیسے اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اسی دوران امریکی بزنس کونسل کے ایگزیکٹو کمیٹی کے ساتھ ایک عشائیے میں شرکت کرتے ہوئے انہوں نے امریکا- پاکستان تجارت کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
امریکی سفیرڈونلڈ بلوم کا کراچی کا دورہ امریکی حکومت کی پاکستان میں طویل المدتی سرمایہ کاری اور پاکستانی عوام کے ساتھ باہمی تعاون و شراکت کا اہم ثبوت ہے۔
ڈونلڈ بلوم نے اس موقع پر کہا کہ ایسی شراکت داریوں کے ذریعے، امریکا اور پاکستان ایک ساتھ مل کر لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنارہے ہیں، عوامی روابط کو مزید مضبوط کررہے ہیں اور پاکستان کی عظیم تاریخ و ثقافت کو محفوظ کررہے ہیں۔