ڈونلڈ ارمن پاکستان کے لیے امریکا کے سفیر نامزد

واشنگٹن: بالآخر کافی لمبے عرصے کے بعد امریکا نے پاکستان کے لیے اپنا سفیر نامزد کر ہی دیا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق ڈونلڈ ارمن بلوم کو پاکستان میں امریکا کا نیا سفیر نامزد کیا گیا ہے، ڈونلڈ بلوم مختلف مسلم ممالک میں امریکی نمائندے کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ اس سے قبل وہ تیونس میں امریکا کے سفیر رہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق ڈونلڈ بلوم سینئر فارن سروس کے کیریئر ممبر ہیں، وہ اسرائیل میں قونصل جنرل کی خدمات بھی سرانجام دے چکے جب کہ کابل سفارت خانے میں پولیٹیکل کونسلر بھی رہے ہیں۔
ڈونلڈ بلوم قاہرہ، بغداد اور کویت میں بھی سفارتی خدمات انجام دے چکے ہیں، وہ لیبیا کے لیے امریکا کے ناظم الامور، مقبوضہ بیت المقدس کے اسرائیلی قونصل خانے میں قونصل جنرل، بغداد میں ملٹی نیشنل فورس انگیجمنٹ سیل کے سیاسی قونصلر رہ چکے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق بلوم نے مشی گن کی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور وہ عربی بول سکتے ہیں۔
ڈونلڈ بلوم کی بحیثیت پاکستان میں سفیر تعیناتی کے لیے سینیٹ کی منظوری باقی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں طویل عرصے سے امریکا کا کوئی سفیر نہیں اور اس وقت انجیلا ایگلر بحیثیت ناظم الامور خدمات انجام دے رہی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔