ڈومیسٹک کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کی کٹیگریز کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 192 کھلاڑیوں کے لیے ڈومیسٹک کنٹریکٹ برائے 21-2020 کی کٹیگریز کا اعلان کردیا ہے۔

ان کنٹریکٹ کی کٹیگریز کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب شفاف انداز سے کیا گیاہے، جس میں کارکردگی اور مستقبل کی سوچ کو اہمیت دی گئی ہے۔

ان 192 کھلاڑیوں میں سے 10 کرکٹرز کو اے پلس کٹیگری سے نوازا گیا ہے جس میں یا تو ڈومیسٹک کرکٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی شامل ہیں یا پھر وہ کھلاڑی جو قومی اسکواڈ کا حصہ تو ہیں مگر ان کے پاس پی سی بی کا سنٹرل یا ایمرجنگ کنٹریکٹ نہیں ہے۔

ان کھلاڑیوں میں عمران بٹ (بلوچستان)، نعمان علی (ناردرن)، ظفر گوہر (سنٹرل پنجاب)، بلال آصف (سنٹرل پنجاب)، فواد عالم (سندھ)، فہیم اشرف (سنٹرل پنجاب)، عمران خان سینئر (خیبرپختونخوا)، کاشف بھٹی (بلوچستان)، سہیل خان (سندھ) اور خوشدل شاہ (سدرن پنجاب) شامل ہیں۔

اے پلس کٹیگری کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے والے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ وہ ان دس کھلاڑیوں کو اے پلس کٹیگری کا حصہ بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں،دراصل یہ ان تمام کھلاڑیوں کی ڈومیسٹک سیزن 20-2019 میں انتھک محنت کا صلہ ہےجس کی بدولت ان میں سے کسی نے ڈومیسٹک کرکٹ تو کسی نے پاکستان کرکٹ ٹیم میں جگہ بنائی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر نے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ کچھ کھلاڑیوں کے لیے یہ مشکل وقت ہوگا مگر سمجھنا چاہیے کہ ہم اس کٹیگری کے لیے صرف 10 کھلاڑی ہی منتخب کرسکتے ہیں، میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہر کھلاڑی کو یقین دلاتا ہوں کہ قومی اسکواڈ کے لیے اس کی دستیابی برقرار رہے گی اورآئندہ سال اس کے کنٹریکٹ کی کٹیگری میں اضافہ اس کی ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں کارکردگی پر منحصر ہے۔

مصباح الحق نے مزید کہا کہ مختلف کٹیگریز پر مشتمل یہ کنٹریکٹ ہماری اس حکمت عملی کا نتیجہ ہے جس کے تحت ہم پاکستان کی کرکٹ کوسخت، مقابلے سے بھرپور اور کارکردگی پر مبنی بنانا چاہتے ہیں، یقین ہے کہ اس سے کھلاڑیوں کا جوش اور جذبہ بڑھے گا جس کا فائدہ پاکستان کی کرکٹ کو ہوگا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔