خیبر ٹیچنگ اسپتال واقعے کا نوٹس، ڈائریکٹر سمیت 9 افراد معطل!

پشاور: خیبر ٹیچنگ اسپتال واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کے پی کے حکومت نے اسپتال ڈائریکٹر سمیت 9 افراد کومعطل کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی حکومت نے خیبر ٹیچنگ اسپتال واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹرسمیت 9 افراد کو معطل کردیا اور ان کے خلاف مزید انکوائری کا حکم دے دیا گیا۔
گزشتہ روز واقعے کے فوری بعد وزیراعلیٰ محمود خان کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے اسپتال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو 48 گھنٹے کے اندر آکسیجن کی کمی کی وجہ سے ہونے والی اموات کی انکوائری کا حکم دیا تھا، تاہم بورڈ نے 48 گھنٹے سے قبل ہی اپنی رپورٹ صوبائی حکومت کو جمع کرادی، جس میں کہا گیا کہ اسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم طاہر سمیت نو متعلقہ افراد کو سسپینڈ کردیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر محنت شوکت یوسف زئی کا اس متعلق کہنا ہے کہ واقعے کا مزید جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ محمود خان نے بھی آج اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں کرونا سے پیدا ہونے والی صورت حال اور ایم ٹی آئیز اسپتالوں میں موجود سہولتوں کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ خبیر ٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن سلنڈر بروقت نہ پہنچنے کے باعث کورونا کے 8 مریض دم توڑگئے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔