مسلمان ہونے پر فخر، نجی زندگی میں کسی کی مداخلت پسند نہیں، دیپیکا ککڑ
بھوپال: مشرف بہ اسلام ہونے والی بھارتی ٹی وی کی مقبول اداکارہ دیپیکا ککڑ (فائزہ) نے مسلمان ہونے پر فخر کا اظہار کیا ہے۔
دیپیکا ککڑ (فائزہ) نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ یہ سچ ہے کہ میں نے اسلام قبول کرلیا ہے لیکن کب اور کیوں کیا، میرے خیال میں میڈیا پر یہ بتانے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے مسلمان ہونے پر فخر ہے، بطور مذہب اسلام کا انتخاب مکمل طور پر میرا اپنا فیصلہ تھا، یہ ایک ایسا فیصلہ تھا جسے میں نے اپنی مرضی سے کیا جس پر میں بہت خوش ہوں لہٰذا اس فیصلے کے مشکل ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ میرے فیصلے پر میری فیملی نے میرا ساتھ دیا اور میرا ارادہ کسی کو تکلیف دینے کا نہیں تھا، میری زندگی کا ایک خاص حصہ بہت نجی ہے جہاں میں کسی کی مداخلت برداشت نہیں کرسکتی۔
خیال رہے کہ دیپیکا ککڑ 2018 میں بھارتی ڈرامہ سیریل سسرال سمر کے کو اسٹار شعیب ابراہیم سے شادی سے قبل دائرہ اسلام میں داخل ہوگئی تھی، مسلمان ہونے کے بعد اداکارہ نے اپنا نام بھی دیپیکا سے فائزہ رکھ لیا تھا۔