دلیپ کمار کی طبیعت ناساز، اسپتال داخل
ممبئی: برصغیر کے لیجنڈ اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کو طبیعت ناساز ہونے پر ایک بار پھر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کو صحت یابی کے محض 10 روز بعد ہی دوبارہ سانس لینے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا، جس باعث انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیرِ علاج ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دلیپ کمار کو گزشتہ روز ممبئی کے ہندوجا اسپتال لایا گیا تھا۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس وقت دلیپ کمار کی حالت بہتر ہے، سانس لینے میں دشواری کے باعث اہلِ خانہ نے احتیاطی طور پر انہیں اسپتال میں داخل کروایا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر بھی دلیپ کمار کو اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا، جہاں کچھ دن علاج کے بعد ان کی طبیعت میں بہتری کے بعد گھر بھیج دیا تھا۔
ڈاکٹرز کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اداکار کے پھیپھڑوں میں پانی بھر جانے کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کے خون میں آکسیجن کی سطح بھی کم ہوگئی تھی۔