ڈھاکا ٹیسٹ: پاکستان کی بنگلا دیش کوایک اننگز اور 8 رنز سے شکست
ڈھاکا ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو ایک اننگز اور 8 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔
پانچویں روز بنگلا دیش نے 7 وکٹ کے نقصان پر 76 رنز سے میچ کا آغاز کیا تو اس کے باقی تین کھلاڑی بھی مزید 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس طرح میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 87 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور فالو آن کا شکار ہوگئی۔
بنگال ٹائیگرز دوسری اننگز میں بھی ابتدا سے ہی ناکامی کا شکار ہوگئے اور صرف 25 رنز پر اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔ تاہم پھر مڈل آرڈر نے ٹیم کو سنبھالا تاہم پاکستانی باؤلرز نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 205 رنز پر آؤٹ کردیا۔
پہلی اننگ میں پاکستانی باؤلر ساجد خان نے بنگلا دیشی ٹیم کے پرخچے اڑا دیے اور صرف 42 رنز دے کر 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسری اننگز میں انہوں نے مزید 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح انہوں نے مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کیں۔
ساجد خان کو میچ کے بہترین کھلاڑی اور عابد علی کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔