بھارت 500 رافیل بھی خرید لے، افواج پاکستان تیار ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ بھارت کے ہمسایوں کے خلاف جارحانہ عزائم علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے۔
ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخار نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے اور دہشت گردوں کی منی لانڈرنگ میں بھارت ملوث ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق بھارت خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہا ہے، کسی بھی وقت یہ لاوا پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔
بھارت اسلحہ خریدنے والے ممالک میں سرفہرست ہے، لیکن جنگیں اسلحے کے زور پر نہیں جیتی جاتیں، بھارت 5 کے بجائے 500 رافیل طیارے بھی خرید لے افواج پاکستان دشمن کو بروقت جواب دینے کے لئے ہمہ وقت چوکس اور تیار ہیں۔
پاکستانی میڈیا نے دہشتگردو ں کے بیانیے کو کامیابی سے شکست دی، پاکستان اور پاکستان کی عوام کو سعودی عرب سے تعلقات پر فخر ہے، سعودی عرب سے تعلقات بہترین ہیں اور رہیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف کا دورہ سعودی عرب پہلے سے شیڈول تھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج عوام کے ساتھ مل کر مادر وطن کے دفاع کے لیے تیار ہے، افغانستان اور ایران کی سرحد کے ساتھ فینسنگ کا کام جاری ہے، پاک افغان سرحد پر 1700 کلومیٹر پر فینسنگ کا کام مکمل کرلیا گیا۔
مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کیا جارہا ہے ، اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی اپیل کے باوجود بھارت نے کنٹرول لائن پر بزدلانہ کارروائیاں جاری رکھیں، 22 جولائی کو انٹرنیشنل میڈیا نے کنٹرول لائن کا دورہ کیا، ہمارے پاس چھپانے کو کچھ نہیں۔