ڈینیل پرل کیس، فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر
اسلام آباد: عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے امریکی صحافی ڈینیل پرل کے قتل کے 4 ملزمان کی رہائی کا حکم دیا تھا، حکومت سندھ نے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق سندھ حکومت نے امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس میں نظرثانی درخواست دائر کردی ہے، نظرثانی درخواست سپریم کورٹ کے 28 جنوری 2021 کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔
خیال رہے کہ سندھ حکومت نے ملزمان کی بریت کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کی تھیں، تاہم گزشتہ روز جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے سندھ حکومت کی اپیل خارج کرتے ہوئے صحافی ڈینیل پرل کے قتل کے 4 ملزمان کی رہائی کا حکم دے دیا تھا، ملزمان میں احمد عمر شیخ، فہد نسیم، سلمان ثاقب اور محمد عادل شامل ہیں۔