دانیہ شاہ کے شوہر فحش مجرا کروانے پر زیر حراست، عوام سے معافی مانگ لی

لاہور: سوشل میڈیا پر متحرک اور متنازع شخصیت، ٹک ٹاکر دانیہ شاہ کے شوہر حکیم شہزاد کو ایک شادی کی تقریب میں فحش مجرا کروانے اور نامناسب زبان پر مبنی وائس میسیجز کے باعث حراست میں لے لیا گیا۔ یہ واقعہ اس وقت منظرِعام پر آیا جب ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں حکیم شہزاد سر جھکائے، سر پر ٹوپی پہنے، افسوس ناک انداز میں ندامت کا اظہار کررہے ہیں۔
ویڈیو پیغام میں حکیم شہزاد نے اعتراف کیا کہ اُنہوں نے سیلاب جیسے قومی سانحے کے دوران شادی کی تقریب منعقد کی، جس میں 20 ہزار سے زائد مہمانوں کو مدعو کیا اور اس تقریب میں فحش مجرا کروایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے لمحۂ فکریہ ہے کہ جب ملک کے ہزاروں افراد سیلاب کی تباہ کاریوں سے دوچار تھے، میں نے رقص و سرود کی محفل سجاکر اُن کے زخموں پر نمک چھڑکا۔
حکیم شہزاد نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ اُن کی کچھ نازیبا آڈیو ریکارڈنگز وائرل ہوئیں جن میں غیر شائستہ زبان استعمال کی گئی، جس پر وہ شرمندہ ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) نے انہیں طلب کیا اور سمجھایا کہ ان کے طرز عمل سے عوام کی دل آزاری ہوئی ہے۔
انہوں نے عوام سے دل سے معافی مانگتے ہوئے اپیل کی کہ لوگ اپنی زبان و بیان کو شائستہ اور مہذب رکھیں، خاص طور پر سوشل میڈیا جیسے پلیٹ فارمز پر جہاں نوجوان نسل متاثر ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ دانیہ شاہ کی پہلی شادی معروف مذہبی اسکالر اور اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے ہوئی تھی، جن کا انتقال پُراسرار حالات میں ہوا۔ بعد ازاں دانیہ نے حکیم شہزاد سے شادی کی، جو پہلے سے شادی شدہ تھے اور یہ شادی بھی میڈیا اور سوشل میڈیا پر خاصی توجہ کا مرکز بنی رہی۔
سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے حکیم شہزاد کے رویے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے جبکہ کچھ حلقوں نے اُن کے اعتراف اور معافی کو ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔